ملک میں جاری مون سون سسٹم کے باعث پنجاب،خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے موسلادھار بارش ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہروں میانوالی ، حافظ آباد، جہلم ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ اور سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں بادل وقفہ وقفہ سے برس رہے ہیں جبکہ آزاد کشیمر کے شہروں مظفرآباد، روالاکوٹ اور گڑھی دوپٹہ میں بارش ہوئی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ مالم جبہ میں 67، آزاد کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ میں 46 اور پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ سڑکوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جس کے باعث اسکولز جانیوالے طلبا اور روزگار پر جانیوالے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب بارش نے انتظامیہ کے تمام دعوؤں کے پول کھول دئے ہیں، بارش کے شروع ہوتی ہی کئی علاقوں سے بجلی غائب ،بازاروں،گلیوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیاہےچارسدہ کے علاقے سور کمر میں بارش سے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے نو افراد زخمی ہوئے۔