راولپنڈی میں آرمی کا تربیتی طیارہ آبادی پر گر گیا جس سے 3 مکانوں کو آگ لگ گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کا طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا جس میں سوار 2 پائلٹس اور عملے کے 3 ارکان شہید ہو گئے جن میں لیفٹننٹ کرنل ثاقب اور وسیم، نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور رحمت شامل ہیں۔
تربیتی طیارہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیانی علاقے روات کے قریب گاؤں میں گرا۔ طیارے کے گرتے ہی زور دار دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔
ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی اور متاثرہ گھروں سے لاشیں نکالیں جبکہ زخمیوں کو ہولی ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق کئی افراد گھروں کے ملبے تلے پھنس گئے جنہیں پاک فوج کے جوانوں نے نکال کر ریسکیو آپریشن مکمل کیا۔ کورکمانڈر لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر نے جائے حادثہ کا دورہ کیا جہاں انھیں طیارہ کریش ہونے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔