سی ایس ایس کے امتحانات میں ساڑھے 14000 امیدواروں میں سے صرف 372 امیدوار کامیاب ہوئے۔
مقابلے کے تحریری امتحان ( سی ایس ایس ) کے نتائج میں بہتری کے لئے کی گئی تمام اصلاحات ناکام ہوگئی ہیں، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سی ایس ایس کے امتحانات برائے 2019 میں 14500 امیدواروں میں سے صرف 372 امیدوار ہی کامیاب ہوسکے۔
سی ایس ایس کے امتحانات برائے 2019 کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق امتحانات میں 23,403 امیدواروں نے اپلائی کیا تھا جب کہ 14,521 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، تاہم صرف 372 امیدوار ہی کامیابی حاصل کر سکے، اور امتحان کے نتائج کی شرح 2 اعشاریہ 56 فیصد رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کامیاب امیدواروں کے انتہائی کم تناسب کی وجہ سے حکومت نے سی ایس ایس امیدواروں کی امتحانات سے قبل اسکریننگ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی منظوری وزیراعظم عمران خان پہلے ہی دے چکے ہیں، اسکریننگ ٹیسٹ کا حتمی فیصلہ کابینہ بہت جلد کرے گی۔