اے این پی نے بھی مولانا فضل الرحمان کےآزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق باچا خان مرکز پشاور میں اے این پی کے صوبائی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ اے این پی مولانا کے آزادی مارچ کی حمایت کرتی ہے اور طریقہ کار وضع کررہے ہیں کہ کس حد تک مولانا کے ساتھ تعاون کیا جائے، یہ فیصلہ ہوچکا کہ میں مولانا کے لانگ مارچ میں شرکت کرونگا اور پارٹی کارکنان سے مجھے اُمید ہے کہ وہ بھی میرے ساتھ ہونگے۔
اسفندیار ولی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر بھی واضح کیا کہ اگر 27 اکتوبر کو کسی بھی سیاسی ورکر پر تشدد کیا گیا یا اُن کا راستہ روکا گیا تو اُس کا جواب صوبائی حکومت سے اے این پی لے گی اور اسکے بعد میں بھی اپنے کارکنان کو سڑکوں پر نکلنے کی کال دونگا ۔
اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کو اتنا سوچنا چاہیے کہ وہ کب تک وزیراعلیٰ رہینگے، پھر اُس کو اپنے آبائی گاﺅں مٹہ سوات میں بھی پناہ نہیں ملے گی ۔
مزید پڑھیں: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان
سربراہ عوامی نیشنل پارٹی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ اور شفاف انتخابات چاہتی ہے جس میں تمام ادارے اپنے آئینی حدود میں اندر رہتے ہوئے کام کرینگے،فوج پولنگ اسٹیشنز میں اندر اور باہر ہونے کے بجائے الیکشن میں سڑکوں پر ڈیوٹیاں دیگی۔