وزیراعظم عمران خان نے گنے کی سرکاری قیمت کے تعین کے حوالے سے صوبوں کو عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت گنے کی سرکاری قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا، اجلاس میں گنے کی سرکاری قیمت کے تعین کے حوالے سے مختلف محرکات کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر وزیراعظم کو گندم کی قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ای سی سی کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے کا فروغ خصوصاً چھوٹے کسانوں کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد، قیمتوں کے تعین، کسانوں کی لاگت کو کم کرنے کیلئے طویل مدتی پالیسی تشکیل دی جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گنے کی مقرر کردہ سرکاری قیمت سے کسانوں کی حوصلہ افزائی کو یقینی بنایا جائے، وہ تمام اقدامات کیے جائیں کہ چینی کی قیمت میں استحکام کو بھی یقینی بنایا جاسکےاور کسانوں کے لاگتی اخراجات کو کم کرنے کیلئے پالیسی تشکیل دینے کا عمل ترجیحی بنیادوں پرمکمل کیا جائے اس سلسلے میں صوبوں کو عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔