اسلام آباد: چین کے شہرارمچی میں سینکڑوں پاکستانی وطن واپس آنے کی فلائٹ نہ ملنے کے سبب پھنس گئے ہیں۔
پاکستانی شہریوں کا کہنا ہےکہ وہ گزشتہ روز سے ائیرپورٹ پرموجود ہیں لیکن آگے کی فلائیٹ نہیں مل رہی، حکام کچھ نہیں بتارہے، کئی پاکستانیوں کے ویزے ختم ہونے والے ہیں اوران کے پاس پیسے بھی نہیں ہیں۔
مسافروں کو کہا جا رہا ہے کہ حکومت کی جانب سے احکامات تک ائیرپورٹ پرہی رہیں۔ کبھی کہا جارہا ہے کہ پاکستان اجازت نہیں دے رہا۔
اور کوئی کہہ رہا ہے کہ چینی حکومت فلائیٹ کی اجازت نہیں دے رہی۔
چین میں زیر تعلیم 4 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد دیگر طلبہ بھی خوفزدہ ہیں۔
طالبعلم نے کہا چینی حکومت نے پاکستانی طلبہ کو وطن واپس جانے کی اجازت دے رکھی ہے اور پاکستانی حکومت کو چاہیے کہ اپنے طلبہ کو واپس لانے کے لیے اقدامات کرے۔
خیال رہے کہ چین کے وائرس زدہ شہر ووہان میں پانچ سو کے قریب پاکستانی طالب علم موجود ہیں جن کو مقامی یونیورسٹی نے وطن واپس جانے کا کہہ دیا ہے۔
امریکہ اور ترکی سمیت دیگر ممالک نے اپنے شہریوں کو خصوصی فلائیٹ کے ذریعے وائرس زدہ شہر سے نکال لیا ہے۔