کراچی میں زہریلی گیس کے اخراج سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد9 ہوگئی ہے جب کہ200 سے زائد متاثر ہیں جن کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں طبی امداد پہنچائی جا رہی ہے۔
فلاحی تنظیم ایدھی کے مطابق رات گئے کیماڑی اسپتال میں 70سےزائد مریض لائے گئے جب کہ 27 متاثرہ افراد کو جناح اسپتال اور دو کو کتیانہ میمن اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ایدھی ذرائع کے مطابق ضیاالدین اسپتال کراچی میں اب بھی 4 مریضوں کا علاج جاری ہے۔
ہلاک شدگان کی شناخت معمار بی بی، یاسمین، رضوان، عظیم اختر، احسن، رابش 35 سالہ زیب النساء، 40 سالہ عمران40 اور 50 سالہ یوسف50 کے نام سے ہوئی ہے۔
ضیاالدین اسپتال میں چوبیس گھنٹے کے دوران سو سے زائد افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔ سول، جناح اور برہانی اسپتال میں بھی متاثرہ افراد کو داخل کیا گیا تھا۔
کیماڑی میں پھیلنے والی پراسرار زہریلی گیس نے کراچی کے دیگرعلاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جان لیوا زہریلے کیمیکل سے آلودہ ہوا کیماڑی سے نکل کر کھارادراور رنچھوڑ لائن تک جاپہنچی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جناح اسپتال میں دس اور سول اسپتال میں چھ متاثرین منتقل کئے گئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد 220 تک پہنچ چکی ہے۔