اسلام آباد: قومی ائر لائن (پی آئی اے) کو تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکہ کی براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی۔
امریکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے پی آئی اے کو اجازت دینے کا مراسلہ جاری کر دیا۔ جس کے مطابق پی آئی اے ایک ماہ کے دوران ایک درجن پروازیں چلا سکتا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق براہ راست پروازوں کی اجازت ملک کی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری، حکومتی پالیسی اور پی آئی اے کے سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ذاتی طور پر امریکہ پروازیں چلانے اور وہاں پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد واپس لانے کیلئے اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے امریکہ کی ریلیف پروازیں چلائے گا جہاں ہزاروں پاکستانی پی آئی اے کے منتظر ہیں۔ پی آئی اے ان میتوں کو بھی بلا کسی معاوضے کے واپس لے کر آئے گا جو دیار غیر میں چل بسے ہیں۔
ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے ایک قومی ادارہ ہے اور قومی ادارے مصیبت کے وقت میں خاندان کے فرد کی مانند پاکستان کی خدمت میں پیچھے نہیں ہٹتے۔