اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا جانے کی خواہشمند طالبہ لائبہ کی خودکشی کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور مرکزی ملزم سے 21 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق ملزم نعمان سے 21 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں سے اس کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایکسائز اسلام آباد میں ملزم کا ریکارڈ موجود نہیں۔ پولیس کے مطابق نعمان مانسہرہ میں فراڈ کے ایک مقدمے میں اشتہاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ریکوری کا عمل مکمل ہونے کے بعد ملزم کو مانسہرہ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
ملزم نعمان پر الزام ہے کہ اس نے فاطمہ سرور اور عائزہ کے ساتھ مل کر لائبہ کو امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلے اور اسکالرشپ کے لیے جعلی داخلہ خط فراہم کر کے لاکھوں روپے کا فراڈ کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے امریکی ویزا اور اسکالرشپ دلوانے کے نام پر مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی لائبہ اعجاز سے 93 لاکھ روپے وصول کیے۔ لائبہ کو جعلی اسکالرشپ، یونیورسٹی کے پیشکش کے خطوط اور فیس کی رسیدیں بھی فراہم کی گئیں۔



















































































