کراچی کے علاقے سُرجانی ٹاؤن میں لگنے والی آگ سے پچاس سے زائد باڑے اور ان میں کھڑی متعدد بھینسیں جل گئی ہیں۔
آگ لگنے کی ابتدائی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے اور گزشتہ شب چلنے والی تیز ہواؤں سے آگ کی شدت اور پھیلاؤ میں اضافہ ہوا۔
کراچی کے مضافات سرجانی بھینس کالونی کے باڑوں میں آگ لگی اور دیکھتے دیکھتے اطراف میں پھیل گئی۔ علاقہ غیر آباد اور شہر سے دور ہونے کے باعث فائر بریگیڈ بھی تاخیر سے پہنچی اور باڑہ مالکان اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے۔
آگ نے 50سے زائد باڑوں کو لپیٹ میں لیا۔ تو آگ کی لپیٹ میں آنے والے درجنوں مویشی جھلس کر ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس نے آتشزدگی کا سبب شاٹ سرکٹ اور اُس میں اضافے کی وجہ بھوسے کا ذخیرہ قرار دیا ہے۔ فائرٹینڈرز نے واٹر بورڈ کے اٹھارہ باوزر کی مدد سے آگ پر تین گھنٹے میں قابو پایا۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب کراچی کو شدید آندھی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پورا شہر کافی دیر تک گرد آلود ہواؤں کی لپیٹ میں رہا۔ آندھی کے باعث دیوار گرنے اور مختلف حادثات میں خاتون سمیت متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔