وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایت پر نہیں ہوئی۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر )صفدر کی گرفتاری کروا کر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر ) صفدر کی مزار قائد پر بے حرمتی کے حق میں نہیں لیکن گرفتاری کا طریقہ کار مناسب نہیں۔
وزیر تعلیم سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے خطاب کے لیے ہم نے انتظامات کیے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو عوام کے مفاد میں تقریر کرتے ہیں، ان کی کراچی میں گزشتہ روز کی تقریر اچھی تھی۔
سعید غنی نے کہا کہ کراچی جلسے میں ن لیگ والے ہمارے مہمان تھے، جلسوں میں لیڈرز کی تصاویر لگانے کے لیے ہم پر کوئی دباوَ نہیں ڈال سکتا۔