ریاض: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کو تمام سعودی غیرملکی ائیرپورٹس پر سفر کی اجازت دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے عمرہ زائرین کے سفر سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سعودی ایوی ایشن کے مطابق تمام پروازیں عمرہ زائرین کے لیے کوئی بھی سعودی انٹرنیشنل ائیرپورٹ استعمال کرسکتی ہیں۔
سعودی ایوی ایشن نے تمام پروازوں کو جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والی ائیرلائنز کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عمرہ ویزا کے حامل مسافر صرف جدہ اور مدینہ ائیرپورٹ سے سفر کرتے تھے لیکن اب زائرین کو دمام، قسیم اور ریاض سمیت تمام ائیرپورٹس سے آمد اور روانگی کی سہولت ہو گی۔