پیرا گون اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کا جسمانی ریمانڈ ختم ہو گیا، خواجہ برادران کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔
خواجہ برادران کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو آج پانچویں بار احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
مسلم لیگی رہنماؤں کی آمد کے پیش نظر احتساب عدالت جانے والے تمام راستے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیئے گئے ہیں جب کہ عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
خواجہ برادران کے وکلا ریمانڈ میں توسیع کی مخالفت بھی کر چکے ہیں جب کہ گزشتہ سماعت میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے بینک اکاؤنٹس کی تفتیش کے لیے ریمانڈ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا جسے عدالت نے قبول کر لیا تھا۔
خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ہیں جب کہ دونوں بھائی نیب کو پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت تین مقدمات میں مطلوب تھے۔ گرفتاری سے قبل خواجہ برادران نے چار بار عبوری ضمانت میں توسیع کرائی تھی۔