ایک اور افسوسناک واقعے میں کراچی کے علاقے سعود آباد میں سیمنٹ سے لدے تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 59 سالہ شہری باقر سعید موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ باقر سعید ایچ ایریا سعود آباد کے رہائشی اور دودھ سپلائی کا کام کرتے تھے۔
حادثہ جمعہ کی صبح ملیر آرسی ڈی گراؤنڈ کے قریب پیش آیا، جب ٹرک کالا بورڈ سے آتے ہوئے انتہائی تیز رفتاری اور مبینہ غفلت سے ڈرائیونگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار سے جا ٹکرایا۔ تصادم کے نتیجے میں نہ صرف شہری جان سے گیا بلکہ اس کی موٹر سائیکل بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ قریبی شہریوں نے اسے پکڑ لیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ مشتعل افراد نے ٹرک کو بھی آگ لگا دی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور مشتعل ہجوم سے ٹرک ڈرائیور کو بازیاب کر کے حراست میں لے لیا۔ زخمی حالت میں گرفتار ڈرائیور، جس کی شناخت وارث کے نام سے ہوئی، کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق ڈرائیور مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا اور غیر ذمہ دارانہ انداز میں گاڑی چلا رہا تھا۔ پولیس نے کرین کی مدد سے جلا ہوا ٹرک ہٹایا اور ٹریفک کی روانی بحال کی۔ ایس ایچ او سعود آباد عتیق الرحمان کے مطابق گرفتار ڈرائیور کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔