امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں بھارتی یومِ آزادی کے موقع پر سکھ کمیونٹی نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے بھارتی سفارتخانے کا گھیراؤ کر لیا۔ مظاہرین خالصتان کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور مسلسل بھارت مخالف نعرے بلند کر رہے تھے۔
بھارتی سفارتخانے میں یومِ آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، تاہم سکھ مظاہرین اچانک وہاں پہنچ گئے اور عمارت کو چاروں طرف سے گھیر لیا۔ اس دوران مظاہرین نے ’’بھارت مردہ باد‘‘ اور ’’قاتل مودی‘‘ کے نعرے لگائے، بھارتی ترنگے کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے سفارتخانے کے سامنے پھینک دیا۔
بھارتی سفارتی عملہ مظاہرین کے غصے اور شدید ردعمل سے خوفزدہ ہو گیا جس پر پولیس کو طلب کر لیا گیا۔ پولیس اہلکار کئی گھنٹے موقع پر موجود رہے تاکہ صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔
اس موقع پر خالصتان کونسل کے سربراہ ڈاکٹر سندھو نے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کل واشنگٹن میں خالصتان ریفرنڈم منعقد کیا جائے گا، جہاں ہزاروں سکھ ووٹ ڈالنے کے لیے پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب بھارتی پنجاب کو آزاد کر کے ایک الگ ریاست ’’خالصتان‘‘ قائم کی جائے گی۔