کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کے بعد کئی ’’برساتی مینڈک‘‘ نمودار ہو گئے ہیں جو جھوٹی اور بے بنیاد افواہیں پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بانی پاکستان محمد علی جناح کے یومِ وفات کے موقع پر مزارِ قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان قائداعظم کی انتھک جدوجہد کا نتیجہ ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ان کے اصول ایمان، اتحاد اور قربانی کو اپنا کر ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنائیں۔
مراد علی شاہ نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے دفاع اور ایٹمی پروگرام کے لیے لازوال کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا جواب ہمیشہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے یکجہتی سے دیا ہے اور یہی اتحاد ہماری اصل طاقت ہے۔
وزیراعلیٰ نے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور فلسطین میں اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں پر حملے کرنے والا اسرائیل، مسلم دنیا کی یکجہتی کے باعث ناکام ہوگا۔
سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ سمیت کئی علاقے متاثر ہیں اور حکومت کی اولین ترجیح انسانی جانوں کو محفوظ بنانا اور بیراجوں و بندوں کو بچانا ہے۔ انہوں نے کچے کے رہائشیوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر فوری ریلیف سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں، زرعی اور ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کی جا رہی ہے اور عالمی سطح پر امداد کے حصول کے لیے فلیش اپیل کی جائے گی۔
کراچی میں اربن فلڈنگ پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بارش کے بعد افواہیں پھیلانے والے ’’برساتی مینڈک‘‘ سامنے آ جاتے ہیں جو سیاسی اور لسانی تفریق پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، مگر قوم پہلے ہی اس کی بھاری قیمت ادا کر چکی ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ کچھ کوتاہیاں ضرور ہوئیں مگر انتظامیہ اور عوامی نمائندے سڑکوں پر موجود رہے اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔ مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ہر اس منصوبے کی حمایت کرے گی جو عوامی مسائل کے حل کے لیے ہو اور پانی کے مسئلے پر غیر متنازع ہو۔