کراچی: گڈز ٹرانسپورٹ کی جاری ہڑتال کے باعث صنعتوں تک خام مال کی ترسیل معطل ہو گئی ہے، جس سے مختلف صنعتی یونٹس کی بندش کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
صدر آئرن مرچنٹس حماد پوناوالا نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے سبب مال کی عدم دستیابی نے صنعتی سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا ہے، صورتحال برقرار رہی تو متعدد صنعتوں کے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوہے کے تاجروں اور دیگر اشیاء کے امپورٹرز کو اس ہڑتال کے باعث اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔
حماد پوناوالا نے ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کرے تاکہ صنعتی نظام کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
دوسری جانب صدر کے سی سی آئی ریحان حنیف نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال نے ملک بھر کی صنعت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہ پر جگہ نہ ہونے کے باعث خام مال کی آمد رک گئی ہے اور خدشہ ہے کہ جگہ کی کمی کے باعث آج اور کل جہاز لنگر انداز نہیں ہو سکیں گے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔