لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں رائے ونڈ روڈ پر واقع ایک نجی یونیورسٹی کی طالبہ نے مبینہ طور پر عمارت کی چھت سے نیچے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا قائم ہو گئی۔
پولیس کے مطابق 21 سالہ طالبہ نے یونیورسٹی کی عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگائی، جس کے باعث وہ بری طرح زخمی ہو گئی۔ طالبہ کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی نواب ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ چند روز قبل اسی نجی یونیورسٹی کے ایک طالبعلم نے بھی عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی تھی، جس کے باعث تعلیمی ادارے میں سکیورٹی اور طلبہ کی ذہنی صحت سے متعلق سوالات جنم لے رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ ڈی فارم کی طالبہ ہے اور اس کا تعلق نارنگ منڈی، ضلع شیخوپورہ سے بتایا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر تعلیمی سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے ادارے کو بند کر دیا ہے۔