کراچی: شہرِ قائد اس وقت شدید سرد موسم کی لپیٹ میں ہے، جہاں مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوا، جس کے باعث سردی کی شدت میں واضح اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، تاہم رات کے اوقات میں سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ پیش گوئی کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مجموعی طور پر کم سے کم درجہ حرارت 8 اعشاریہ 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت اس سے بھی کم رہا۔ سب سے کم درجہ حرارت جناح ٹرمینل پر 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دیگر علاقوں میں گلستانِ جوہر اور شاہراہِ فیصل پر کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری، ماڑی پور میں 10 ڈگری جبکہ بن قاسم میں 10 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شمال مشرقی سمت سے ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جو سردی کے احساس میں مزید اضافہ کر رہی ہیں۔