عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اچانک اور نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں سونے کی قیمت میں کریش کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو شدید جھٹکا لگا ہے اور چند ہی دنوں میں قیمتوں میں بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں تقریباً 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران سونا 458 ڈالر فی اونس سستا ہو کر 4,435 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا۔
رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں گزشتہ چند دنوں کے دوران سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر ایک ہزار ڈالر فی اونس تک کمی آ چکی ہے، جو حالیہ عرصے کی سب سے بڑی گراوٹ سمجھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی مندی دیکھی گئی ہے، جہاں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل 67 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 63 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے، جس سے عالمی توانائی مارکیٹ میں بھی دباؤ واضح ہو رہا ہے۔