سری لنکا کے صدر انورا کمارا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دینے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے اور اس فیصلے کو کرکٹ کے تسلسل کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
صدر انورا کمارا نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطے کے بعد سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاک بھارت میچ کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اس کھیل کو جاری رکھنے میں مددگار ثابت ہوا ہے جس سے دنیا بھر کے شائقین محبت کرتے ہیں۔
سری لنکن صدر نے اپنے پیغام میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کولمبو میں شیڈول پاک بھارت میچ منصوبے کے مطابق ہی منعقد ہوگا اور اس حوالے سے تمام انتظامات برقرار رکھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف اور صدر انورا کمارا کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، جس میں سری لنکن صدر نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشکل ادوار میں سری لنکا نے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے تسلسل کو یقینی بنایا۔ وزیرِ اعظم نے صدر انورا کمارا کو یقین دہانی کروائی تھی کہ پاک بھارت میچ کے معاملے پر مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔