اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام رجسٹرڈ دکانوں اور کاروباروں کو ایک ہفتے کے اندر اپنے ٹیکس نظام سے منسلک کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ کاروباروں کو لازمی طور پر ایف بی آر کے ڈیجیٹل نظام میں شامل کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پوائنٹ آف سیلز مشین سے وابستہ تمام کاروباروں کو ایف بی آر کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، جب کہ ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز، میرج ہالز اور کلبز پر بھی اس فیصلے کا اطلاق ہوگا۔ اسی طرح انٹر سٹی ٹرانسپورٹ، کورئیر اور کارگو سروسز فراہم کرنے والے اداروں کو بھی لازمی طور پر ٹیکس نظام میں شامل ہونا پڑے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ بیوٹی پارلرز، اسلمنگ سینٹرز اور بیوٹی کلینکس کو ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ کرانا لازمی ہوگا، جبکہ ہئیر ٹرانسپلانٹ سینٹرز، پرائیویٹ کلینکس، ڈینٹل کلینکس اور پلاسٹک سرجنز کے کاروبار بھی اس نظام سے منسلک کیے جائیں گے تاکہ ان کی آمدنی اور ٹیکس معاملات شفاف بنائے جا سکیں۔
نوٹیفکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ لیبارٹریز، جانوروں کے ڈاکٹرز، ڈائیگناسٹک سینٹرز، ایکسرے سینٹرز، پرائیویٹ اسپتال، پرائیویٹ کنسلٹنٹس، ہیلتھ کیئر سروسز، ہیلتھ کلبز، سوئمنگ پولز، فٹنس کلبز اور ملٹی پرپز کلبز کو بھی ٹیکس نظام کے ساتھ منسلک ہونا ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق کراچی جمخانہ، رائل پام، چناب کلب، اسلام آباد کلب اور لاہور جمخانہ جیسے معروف کلبز کو بھی ٹیکس نظام میں شامل کیا جائے گا، جبکہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس فرمز اور کاسٹ اینڈ مینجمنٹ کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو بھی اس دائرہ کار میں لایا جائے گا۔
اس کے علاوہ ایسے اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز جہاں ماہانہ فیس ایک ہزار روپے یا اس سے زائد ہے، انہیں بھی ٹیکس نظام سے منسلک ہونا پڑے گا تاکہ تعلیمی شعبے میں مالی معاملات کی نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 33 کے تحت ٹیکس نظام سے منسلک ہونا بنیادی شرط ہوگی، اور جو کاروبار اس نظام کا حصہ بنیں گے انہیں پوائنٹ آف سیلز مشین نصب کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔