بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آنکھ کے علاج کے فالو اپ کے سلسلے میں اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی معائنے کے بعد مخصوص علاج فراہم کیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ منتقلی 24 فروری کو عمل میں آئی اور تمام طبی اقدامات ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں مکمل کیے گئے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کے مطابق عمران خان کو اینٹی وی ای جی ایف انٹرا وٹرئیل انجکشن کی دوسری ڈوز دی گئی۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈوز دینے سے قبل کارڈیالوجسٹ کنسلٹنٹ نے ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی سمیت ضروری معائنے کیے، جن کے نتائج نارمل آئے۔ اسپتال میں قیام کے دوران، پروسیجر کے وقت اور بعد میں بھی عمران خان کے وائٹل سائنز مستحکم رہے، جبکہ کنسلٹنٹ فزیشن نے انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا۔
پمز اور شفا آئی اسپتال کے کنسلٹنٹ اوفتھلمولوجسٹ اور کنسلٹنٹ وائٹریو ریٹینل سرجن کی رہنمائی میں یہ پروسیجر انجام دیا گیا۔ اسپتال اعلامیے کے مطابق یہ عمل ڈے کیئر سرجری کے طور پر کیا گیا اور پروسیجر سے قبل اسپیشلسٹس کے بورڈ نے مکمل طبی معائنہ کیا تاکہ علاج کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
اسپتال کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ معائنے اور علاج مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو ضروری ہدایات، فالو اپ مشورے، نسخہ جات اور متعلقہ دستاویزات فراہم کر کے ڈسچارج کر دیا گیا۔