پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے انکشاف کیا ہے کہ چین سمیت چھ ممالک کو افغانستان سے شکایات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ متعلقہ ممالک کو اس بات پر تحفظات ہیں کہ افغان سرزمین ان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان اور چین سمیت چھ ممالک کو افغانستان سے یہ شکوہ ہے کہ وہاں کی سرزمین کو ان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو خطے کے امن و استحکام کے لیے تشویشناک قرار دیا۔
دوسری جانب ایک سابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سینیٹ میں بھارت اور اسرائیل کے مبینہ گٹھ جوڑ کے خلاف قرارداد کی منظوری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد ایسے وقت میں منظور کی گئی ہے جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اسرائیل کے دورے پر جا رہے ہیں، اس لیے اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔