حکومت پاکستان نے ملک بھر میں ڈرون اڑانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق کسی بھی قسم کا کمرشل یا نجی ڈرون ملک کے کسی بھی حصے میں اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ فیصلہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈرونز اڑانے پر پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں یہ اقدام ناگزیر تھا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے بھی ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی مشکوک ڈرون یا آلے کی برآمدگی کی صورت میں متعلقہ علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لیا جائے۔ مزید کہا گیا ہے کہ صرف بم ڈسپوزل یونٹ یا تربیت یافتہ عملہ ہی ایسے مشکوک مواد کو ہینڈل کرے گا۔
بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ امن و امان میں خلل ڈالنے کے خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ممکنہ خطرات کو بروقت روکا جا سکے۔
ڈیرہ غازی خان اور وادی نیلم میں بھی سکیورٹی خدشات کے باعث دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ایک ماہ کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔