قومی احتساب بیورو کراچی نے ایک اہم کارروائی کے دوران 350 ایکڑ قیمتی زمین واگزار کرا لی ہے، جسے ملک کی تاریخ کی بڑی کارروائیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس زمین کی مجموعی مالیت 423 ارب روپے سے زائد ہے۔
نیب حکام نے بورڈ آف ریوینیو کے تعاون سے کلفٹن بلاک ون اور بلاک ٹو میں مشترکہ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں مذکورہ زمین کو غیر قانونی قبضے سے آزاد کرایا گیا۔ کارروائی کے دوران متعلقہ ریکارڈ اور قانونی دستاویزات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نیب کے مطابق واگزار کرائی گئی زمین کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سندھ حکومت کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اسے سرکاری مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری املاک کے تحفظ اور غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔