نئی دہلی میں بھارتی نجی ٹیلی وژن چینل اے بی پی نیوز کو مبینہ طور پر ہیک کر لیا گیا، جس کے بعد چینل کی نشریات متاثر ہو گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیکرز نے چینل کی اسکرین پر پاکستان کے حق میں نعرے آویزاں کر دیے۔
ذرائع کے مطابق نشریات کے دوران ’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘ کے الفاظ اسکرین پر ظاہر ہوئے، جبکہ پاکستانی فوج سے متعلق مواد بھی چلایا گیا۔ مزید یہ کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے خطاب کے بعض اقتباسات بھی نشر ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
تاحال چینل انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم سائبر سکیورٹی کے حوالے سے تحقیقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان کے بعض نجی چینلز بھی ہیکنگ کا نشانہ بنے تھے، جس کے بعد دونوں ممالک میں سائبر سکیورٹی کے معاملات پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔