برطانیہ کے سابق سینئر نیٹو کمانڈر سر رچرڈ شیریف نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا اس وقت تیسری عالمی جنگ جیسے خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی نے عالمی سطح پر ایک بڑے تنازعے کی بنیاد رکھ دی ہے۔
سر رچرڈ شیریف نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں اور اس کے بعد ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر جوابی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات غیر معمولی حد تک خطرناک رخ اختیار کر چکے ہیں۔
برطانوی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سر رچرڈ شیریف نے کہا کہ وہ یہ بات کسی جذباتی ردعمل کے طور پر نہیں کہہ رہے بلکہ ایک سابق فوجی کمانڈر ہونے کے ناطے انہیں حقیقی خدشہ ہے کہ دنیا اس وقت ایک بڑی عالمی جنگ کی جانب بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بڑی جنگیں اکثر ایک مقام سے شروع ہوتی ہیں لیکن ان کا اختتام کسی اور خطے میں ہوتا ہے، اسی لیے موجودہ صورتحال کو انتہائی سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔