چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اعلان کیا ہے کہ چین مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے حل کیلئے اپنا خصوصی نمائندہ خطے میں بھیجے گا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اس حوالے سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ گفتگو کے دوران انہوں نے خطے میں تحمل اور پُرامن حل کی کوششوں پر زور دیا۔
وانگ ای نے کہا کہ چین سعودی عرب کے تحمل اور اختلافات کو پُرامن طریقوں سے حل کرنے کے مؤقف کو سراہتا ہے اور امید کرتا ہے کہ خطے کے تمام فریق کشیدگی میں کمی کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی تنازع میں شہریوں کے تحفظ کی سرخ لکیر عبور نہیں کی جانی چاہیے اور توانائی تنصیبات یا دیگر غیر عسکری اہداف کو نشانہ بنانا قابل قبول نہیں۔
چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی تجارت کے لیے بحری راستوں کا محفوظ رہنا انتہائی ضروری ہے اور تمام فریقوں کو جہاز رانی کے اہم راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔