وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ علاقائی اور عالمی صورتحال کے تناظر میں قومی کفایت شعاری پالیسی پر غور کے لیے اہم اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اجلاس آج دوپہر وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوگا جس میں ملک کی مجموعی انتظامی اور معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ اور وزیراعظم آزاد کشمیر کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مشاورت کے بعد مشترکہ پالیسی ترتیب دی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اتفاق رائے سے قومی کفایت شعاری پالیسی کی منظوری متوقع ہے جبکہ موجودہ معاشی حالات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔
اجلاس میں بعض اہم تجاویز بھی زیر غور آئیں گی جن میں سرکاری اجلاس اور رابطوں کو آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دینے کی تجویز شامل ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز اور دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی پر بھی غور کیا جائے گا۔