صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو کم سے کم رکھا جائے تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
صدر آصف علی زرداری سے وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر وفاقی وزرا نے ملاقات کی، جس کے دوران ملک کی امن و امان کی صورتحال اور مجموعی معاشی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ معاشی چیلنجز کے پیش نظر عوام کو ریلیف دینا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں عوامی مفاد کو مدنظر رکھا جائے اور پالیسی سازی کے عمل میں عام شہری کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے پر توجہ دی جائے۔