امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع ایک آئل ریفائنری میں دھماکوں کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث قریبی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور رہائشی گھروں تک لرزش محسوس کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ٹیکساس کے شہر پورٹ آرتھر میں واقع ویلرو ریفائنری میں پیش آیا، جہاں آگ لگنے سے قبل زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی گھروں کی کھڑکیاں اور دیواریں تک ہل گئیں، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ریفائنری میں آتشزدگی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں اور متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ ریفائنری میں خام تیل کو روزانہ تقریباً ساڑھے چار لاکھ بیرل کی مقدار میں گیسولین، ڈیزل اور جیٹ فیول میں تبدیل کیا جاتا ہے، جو اس کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔