واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران مذاکرات کا خواہاں ہے، تاہم اس کی قیادت کو اس بات کا خوف لاحق ہے کہ اگر وہ معاہدے کی بات کرے گی تو اپنے ہی عوام کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور مذاکرات جاری ہیں، جبکہ ان کے بقول ایران انتہائی بے تابی کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن کھل کر اس کا اظہار کرنے سے گریز کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت کو خدشہ ہے کہ اگر وہ معاہدے کا اعلان کرے گی تو اسے اپنے عوام کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ دوسری جانب انہیں امریکا کے ردعمل کا بھی خوف ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے دنیا میں آٹھ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا ہے اور ایک اور جنگ میں کامیابی کے قریب ہیں، جسے وہ اپنی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کی بحری اور فضائی قوت کو ختم کر دیا گیا ہے، تاہم بعض خبروں میں ایسا تاثر دیا جا رہا ہے جیسے امریکا اس جنگ میں کامیاب نہیں ہو رہا۔