کراچی کے شمالی اور مغربی علاقوں میں آج صبح سویرے بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی اور شہریوں نے ٹھنڈے موسم کا لطف اٹھایا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سسٹم کے اثرات کے باعث آج شہر کے مختلف مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں معتدل اور کہیں کہیں تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگر گرج چمک کے بادل مزید مضبوط ہو گئے تو ہوا کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر سکتی ہے، جس کے باعث کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، تاہم کل شہر میں بارش کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
ادارے کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے روز کراچی میں دوبارہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی موجود ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔