وفاقی حکومت نے توانائی بحران کے پیش نظر کم آمدن والے افراد کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پیٹرول سبسڈی دینے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت ایک ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
حکومتی ہدایات پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پیٹرول سبسڈی کی فراہمی کیلئے ایک ایپ تیار کر لی ہے، جو اس وقت آزمائشی مراحل میں ہے اور جلد اس کے عملی نفاذ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں موٹر سائیکلوں اور رکشوں سمیت دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کو سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ دیگر صارفین کیلئے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو برقرار رکھا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 800 سی سی تک گاڑیوں کو سبسڈی دینے کے حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا، تاہم دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کیلئے پیٹرول کا مخصوص کوٹہ مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت موٹر سائیکلوں کیلئے ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول فراہم کیا جا سکتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کے تقریباً 12 ہزار پیٹرول پمپس پر سبسڈی کی فراہمی کیلئے خصوصی نوزلز مختص کیے جائیں گے، جبکہ ہر پمپ پر دو موبائل فونز فراہم کیے جائیں گے جن کے ذریعے ایپ کے ذریعے پیٹرول کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔