دادو: ماڈل کرمنل کورٹ نے ام رباب چانڈیو کے والد، دادا اور چچا کے قتل سے متعلق کیس میں نامزد تمام ملزمان کو بری کر دیا ہے، جس کے بعد کیس میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل صلاح الدین پنہور نے تصدیق کی کہ کیس میں نامزد تمام ملزمان کو عدالت نے بری قرار دے دیا ہے، جس پر قانونی ٹیم نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرداری نظام کے خلاف تین افراد کو دن دہاڑے قتل کیا گیا تھا، اور کیس میں تین عینی گواہان کے بیانات کے ساتھ میڈیکل شواہد بھی موجود تھے، جن کی بنیاد پر ان کے مطابق سزا ممکن تھی، تاہم عدالت کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جائے گی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ آٹھ سال پرانے اس مقدمے میں سندھ اسمبلی کے دو ارکان سمیت مجموعی طور پر آٹھ ملزمان نامزد تھے، جن میں سے چار ملزمان جیل میں تھے جبکہ چار ملزمان ضمانت پر رہا تھے۔
فیصلے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جہاں ڈی ایس پیز سمیت 450 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ام رباب چانڈیو کے گھر کے باہر بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی تھی، جبکہ جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف اور آنے جانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری موجود رہی۔
یاد رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت میں گواہوں کے بیانات اور فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، جسے اب سنایا گیا ہے۔