حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے جون تک مجموعی طور پر 4.8 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیوں کا بندوبست کر لیا ہے، جس میں متحدہ عرب امارات کو ساڑھے 3 ارب ڈالر کی ادائیگی بھی شامل ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کو دو دوست ممالک کی جانب سے 5 ارب ڈالر سے زائد مالی معاونت کی یقین دہانی حاصل ہو چکی ہے، جس سے ادائیگیوں کے عمل کو سہارا ملے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کو مجموعی طور پر 3.5 ارب ڈالر کی ادائیگی تین مختلف ذرائع کے تحت کی جائے گی، جس کے لیے ضروری مالی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ یورو بانڈ 10 سالہ مدت پوری ہونے کے بعد میچور ہو چکا ہے، اور اس کی 1.3 ارب ڈالر کی ادائیگی اسی ہفتے متوقع ہے، جو بیرونی ادائیگیوں کا اہم حصہ ہے۔