وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی اپیل سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، اور اس پر جلد ردعمل متوقع ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ پاکستانی وزیراعظم کی درخواست کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس حوالے سے جلد کوئی باضابطہ ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔
دوسری جانب سینئر ایرانی عہدیداروں کا بھی کہنا ہے کہ ایران وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کی گئی درخواست کا بغور جائزہ لے رہا ہے، اور اس پر غور و خوض جاری ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کی درخواست کی تھی۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پُرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں تیزی سے جاری ہیں اور جلد مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔
وزیراعظم نے امریکی صدر سے اپیل کی تھی کہ سفارتی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع دی جائے، جبکہ انہوں نے جذبہ خیرسگالی کے تحت ایران سے بھی آبنائے ہرمز کو دو ہفتوں کے لیے کھلا رکھنے کی درخواست کی تھی۔