امریکا اور ایران کے درمیان جمعے کے روز اسلام آباد میں مذاکرات ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جسے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر اسلام آباد میں ہوں گے، جہاں اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق مذاکرات میں امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اور صدر ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف کی شرکت کا امکان ہے، جو امریکی موقف کی نمائندگی کریں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی ان مذاکرات میں شریک ہو سکتے ہیں، جس سے بات چیت کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیش کی گئی دو ہفتوں کی جنگ بندی کی درخواست کو قبول کر لیا ہے، جس کے بعد سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔