برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر جنگ بندی کی حمایت اور خطے میں امن کے قیام کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ خلیجی اتحادیوں کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ کو آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنا ہوں گے، کیونکہ یہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے ایک انتہائی اہم گزرگاہ ہے۔
دورے کے دوران سر کیئر اسٹارمر نے سعودی عرب میں کنگ فہد ایئر بیس کا بھی دورہ کیا اور وہاں تعینات برطانوی فوجیوں سے ملاقات کی، جہاں انہیں خطے کی صورتحال سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
انہوں نے موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر طویل مدتی امن کے لیے سفارتی کوششوں کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس پر زور دیا کہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران سے متعلق تنازع اور جنگ بندی کی کوششیں عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں، اور مختلف ممالک سفارتی سطح پر سرگرم دکھائی دے رہے ہیں۔