سوئی سدرن گیس کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ گیس کی قلت کے باعث صنعتی شعبے کیلئے 24 گھنٹوں کے لیے گیس کی ترسیل معطل رہے گی، جس سے صنعتی سرگرمیوں پر اثر پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس جی سی کے مطابق گیس کی فراہمی اتوار کی صبح سے پیر 13 اپریل کی صبح 8 بجے تک بند رہے گی، اور اس دوران صنعتی صارفین کو گیس دستیاب نہیں ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سسٹم میں گیس کی کمی کے باعث تمام شعبوں میں منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب صنعتی حلقوں نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل گیس بندش سے پیداواری عمل متاثر ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں صنعتی پیداوار اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔