ماہر معاشیات عاطف میاں نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں عالمی سطح پر کشیدگی میں کمی آئی، جس کے بعد مالیاتی منڈیوں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں عاطف میاں نے کہا کہ 7 اپریل کو صورتحال انتہائی نازک ہو چکی تھی، جہاں بڑے پیمانے پر جنگ کا خدشہ موجود تھا اور جنگ بندی کے امکانات انتہائی کم ہو کر تقریباً 5 فیصد رہ گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کے باعث حالات نے ڈرامائی موڑ لیا اور جنگ بندی کے امکانات تقریباً یقینی ہو گئے، جس نے عالمی سطح پر مثبت اثرات مرتب کیے۔
عاطف میاں کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں بہتری آئی، جہاں ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں تقریباً 2.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عالمی منڈیوں کی مجموعی مالیت تقریباً 125 کھرب ڈالر ہے، اور اس اضافے کے نتیجے میں تقریباً 3.6 کھرب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو ایک بڑی معاشی پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح پاکستان کی سفارتکاری نے عالمی معیشت پر مثبت اثر ڈالا، جو ایک غیر معمولی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔























































































