امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پوپ لیو سے معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے مؤقف کو برقرار رکھا ہے، اور کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر کسی قسم کی معذرت نہیں کریں گے کیونکہ ان کے مطابق پوپ لیو نے غلط بیانات دیے ہیں، جس پر وہ صرف ردعمل دے رہے ہیں۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پوپ لیو ایران سے متعلق ان کے اقدامات کے سخت مخالف ہیں، تاہم وہ اپنے فیصلوں کو درست سمجھتے ہیں اور اسی تناظر میں انہوں نے پوپ کے بیانات کا جواب دیا ہے، جس سے دونوں شخصیات کے درمیان اختلافات واضح ہو گئے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ پوپ لیو ممکنہ طور پر حتمی نتائج سے خوش نہیں ہوں گے، لیکن وہ صرف اپنے موقف کا دفاع کر رہے ہیں اور ان کے بیانات کے جواب میں وضاحت پیش کر رہے ہیں، نہ کہ کسی تنازع کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر خود کو بطور یسوع مسیح ظاہر کرنے والی تصاویر شیئر کی تھیں، جس پر شدید تنقید سامنے آئی، اور بعد ازاں تنقید کے دباؤ کے باعث انہوں نے یہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دی۔