امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو لبنان کے حوالے سے محتاط حکمت عملی اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل جنگ سے گریز کیا جائے اور صرف محدود نوعیت کی کارروائیاں کی جائیں تاکہ صورتحال مزید کشیدہ نہ ہو۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی قیادت کو باور کرایا کہ لبنان کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے صرف ہدفی اور محدود کارروائیوں تک خود کو محدود رکھنا زیادہ مناسب ہوگا۔
اس سے قبل امریکی خلابازوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے ایران سے متعلق بھی اہم دعوے کیے اور کہا کہ امریکا نے ایران کی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے تقریباً 82 فیصد میزائل تباہ کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد اس کی میزائل بنانے کی صلاحیت کافی حد تک محدود ہو گئی ہے، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔























































































