کراچی میں شدید گرمی اور ممکنہ ہیٹ ویو کے خدشے کے پیشِ نظر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے شہر کے تمام زیرِ انتظام اسپتالوں میں خصوصی ہیٹ ویو وارڈز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ شہریوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز اور تمام اسپتالوں کے سربراہان کو کہا گیا ہے کہ بزرگوں، بچوں اور محنت کش طبقے کو درپیش خطرات کے پیشِ نظر ان وارڈز میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی، مؤثر ٹھنڈک کے نظام اور ایئر کنڈیشنرز کی مکمل دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ان خصوصی وارڈز میں ضروری ادویات، وریدی محلول اور پانی کی کمی سے بچاؤ کے محلول کا مناسب ذخیرہ رکھا جائے، جبکہ تربیت یافتہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی چوبیس گھنٹے موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
اس کے علاوہ اسپتالوں میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور شہریوں میں گرمی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ میئر کراچی نے متعلقہ افسران سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ انتظامات کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔























































































