عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث سونا آج مزید سستا ہوگیا، جبکہ چاندی کے نرخوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز فی اونس سونے کی قیمت 30 ڈالر 94 سینٹ کمی کے بعد 4 ہزار 297 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔
عالمی منڈی میں کمی کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی دیکھنے میں آئے، جہاں فی تولہ سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ فی 10 گرام سونا 2 ہزار 785 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 86 ہزار 987 روپے کا ہو گیا۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان برقرار رہا۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 94 روپے سستی ہو کر 7 ہزار 173 روپے کی سطح پر آ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 86 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 116 روپے ریکارڈ کی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی سونے کی عالمی قیمت میں بڑی کمی دیکھی گئی تھی، جس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 12 ہزار 489 روپے اور 10 گرام سونا 11 ہزار 240 روپے سستا ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی صورتحال، سرمایہ کاروں کے رجحانات اور بین الاقوامی منڈیوں میں طلب و رسد کی تبدیلی سونے اور چاندی کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہو رہی ہے۔






















































































