وزارتِ خزانہ نے اپنی ماہانہ اقتصادی رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی عرصے کے دوران مہنگائی کی شرح بلند رہنے کا امکان ہے، اگرچہ مجموعی معاشی استحکام برقرار رہنے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں مہنگائی کی اوسط شرح 7.1 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ مالی سال 2024-25 میں یہ شرح 4.5 فیصد تھی۔ جون 2026 میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 11.1 فیصد تک پہنچ گئی۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق جولائی 2026 کے دوران مہنگائی کی شرح 9 سے 10 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ بیرونی شعبے میں استحکام برقرار رہنے کی توقع بھی کی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی اور سیاسی کشیدگی کے باعث افراطِ زر، توانائی کی قیمتوں اور بیرونی شعبے کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق معاشی سرگرمیوں میں بحالی کا عمل جاری ہے اور ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ترسیلاتِ زر 41 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ محصولات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی عرصے میں ملکی برآمدات کا حجم 30 ارب 80 کروڑ ڈالر رہا۔




















































































