عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت سے متعلق بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سرمایہ کاروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت میں ایک اعشاریہ ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 83 اعشاریہ 48 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں 85 سینٹ کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 78 اعشاریہ 84 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث سامنے آیا ہے۔
اس سے قبل سرمایہ کاروں کی جانب سے خطے میں کشیدگی میں کمی کے امکانات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں کمی کی توقع کی جا رہی تھی۔
رواں ہفتے کے آغاز میں ایران اور عمان کے درمیان ممکنہ معاہدے کی اطلاعات کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی تھی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کی بحالی کی امید ظاہر کی جا رہی تھی۔
تاہم تہران کی جانب سے عمان کے ساتھ مل کر یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ دشمن ممالک سے تعلق رکھنے والے بحری جہازوں کے آبنائے ہرمز سے گزرنے پر پابندی عائد کی جائے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے جہازوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں۔
اس حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔





















































































