فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کے بعد اسپین بھر میں جشن منایا گیا، جبکہ ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہنگامے پھوٹ پڑے۔
اسپین کی فتح کے بعد ہزاروں شہری قومی پرچم اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے۔ مختلف شہروں میں رات بھر آتش بازی، موسیقی اور رقص کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ لوگ ایک دوسرے کو گلے لگا کر اپنی خوشی کا اظہار کرتے رہے۔
پیر کی صبح اسپین کی قومی ٹیم امریکا سے میڈرڈ پہنچی، جہاں کپتان روڈری ورلڈ کپ ٹرافی ہاتھ میں تھامے طیارے سے باہر آئے۔ ایئرپورٹ پر ہزاروں مداحوں نے فاتح ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔
دوسری جانب ارجنٹینا کی شکست کے بعد بیونس آئرس میں حالات کشیدہ ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہزاروں شائقین سڑکوں پر جمع ہوئے، تاہم بعض مقامات پر صورتحال ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ اور بوتلیں پھینکیں، جس کے جواب میں پولیس نے ربڑ کی گولیاں، آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں سات پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ کم از کم 15 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ حکام نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دارالحکومت کی کئی اہم سڑکیں بند کر دیں۔
دریں اثنا ارجنٹینا کے صدر خاویر میلی نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی دوسری پوزیشن کے اعزاز میں قومی تعطیل دی جائے گی، جبکہ تعطیل کی تاریخ کا تعین قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ارجنٹینا نے 2022 کا فیفا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بھی ملک بھر میں قومی تعطیل کا اعلان کیا تھا۔























































































