کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔
شہزاد اعوان کے مطابق گزشتہ 17 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 19 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے اور ایندھن کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں کے بعد ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے چند مطالبات تسلیم کیے گئے ہیں اور ان پر عمل درآمد بھی جاری ہے، تاہم بیشتر مطالبات اب بھی التوا کا شکار ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 364 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔






















































































